بنگلورو،16؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست کے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات کے لئے آج نامزدگیو ں کے داخلوں کی تکمیل کے ساتھ ہی تینوں اہم سیاسی جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے آگئے ہیں۔ پانچوں حلقوں میں کل نامزدگی کے کاغذات کی جانچ کی جائے گی۔متعلقہ حلقوں کے الیکٹوریل افسر اپنے دفاتر میں نامزدگی کاغذات کی جانچ کریں گے۔منڈیا لوک سبھا حلقے سے جے ڈی ایس امیدوار ایل آر شیورامے گوڈا اور بی جے پی سے ڈاکٹر سدرامیا میدان میں ہیں۔ شیموگہ حلقے سے جے ڈی ایس کے مدھو بنگارپا اور بی جے پی کے بی وائی راگھویندرا میدان میں ہیں، بلاری حلقے سے بی جے پی کی جئے شانتا اور کانگریس کے وی ایس اگرپا میدان میں ہیں۔ رام نگرم اسمبلی حلقے سے جے ڈی ایس امیدوار کے طور پر وزیراعلیٰ کمار سوامی کی اہلیہ انیتا کمار سوامی میدان میں ہیں تو دوسری طرف کانگریس رکن کونسل سی ایم لنگپا کے فرزند ایل چندر شیکھر بی جے پی امیدوار کے طور پر میدان میں اتر چکے ہیں، جمکھنڈی اسمبلی حلقے سے کانگریس کے نوجوان امیدوار آنند سدو نیامے گوڈا اور بی جے پی سے سابق رکن اسمبلی سریکانت کلکرنی میدان میں ہیں۔ پرچۂ نامزدگی کی جانچ کے بعد اسے واپس لینے کی آخری تاریخ 20اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ پانچوں حلقوں میں پولنگ 3؍ نومبر کو کرائی جائے گی اور نتائج کے لئے تینوں پارٹیوں اور امیدواروں کو 37 دنوں کا انتظار کرنا پڑے گا اور 11دسمبر کو ہی نتائج پانچ ریاستوں کے نتائج کے ساتھ ان حلقوں کے نتائج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔